اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی کرکٹ اسٹار شعیب ملک اور معروف اداکارہ ثنا جاوید نے سوشل میڈیا پر اپنی تازہ تصاویر شیئر کر کے ان کے درمیان علیحدگی کی گردش کرتی خبروں کی تردید کر دی۔دونوں شخصیات نے انسٹاگرام پر امریکی شہر فلوریڈا کے یونیورسل اسٹوڈیوز میں گزارے گئے خوشگوار لمحات کی تصاویر پوسٹ کیں۔ تصاویر میں شعیب اور ثنا کو مختلف تفریحی مقامات پر ایک ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ بعض تصاویر میں دونوں سکو بی ڈو اور ٹرانسفارمرز روبوٹس کے سامنے پوز دیتے نظر آئے، جبکہ دیگر مناظر میں وہ ریونج آف دی ممی رائیڈ کے قریب مسکراتے دکھائی دیے۔
مداحوں نے ان تصویروں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس اطمینان کا اظہار کیا کہ یہ جوڑی اب بھی ایک ساتھ خوش و خرم زندگی گزار رہی ہے۔ تاہم، کچھ سوشل میڈیا صارفین نے حیرت ظاہر کی کہ بھارتی میڈیا اب بھی ان کے تعلقات میں کشیدگی کی خبریں پھیلا رہا ہے۔یاد رہے کہ شعیب ملک اور ثنا جاوید کے درمیان علیحدگی کی افواہیں اس وقت پھیلیں جب ایک تقریب کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی، جس میں دونوں کو الگ الگ بیٹھا دیکھا گیا۔ مداحوں نے اس ویڈیو کو ان کے تعلقات میں سرد مہری کی علامت سمجھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہو گئیں۔واضح رہے کہ شعیب ملک نے ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا سے علیحدگی کے بعد جنوری 2024ء میں ثنا جاوید سے شادی کی تھی۔ اس سے قبل ان کی پہلی شادی عائشہ صدیقی سے ہوئی تھی جو تقریباً آٹھ سال جاری رہی۔ بعد ازاں، 2010ء میں انہوں نے ثانیہ مرزا سے نکاح کیا، اور 2018ء میں ان کے ہاں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔ تاہم، یہ رشتہ 2024ء میں ختم ہو گیا۔