اسلام آباد(نیو ز ڈیسک) اداکارہ و میزبان دعا ملک نے پہلی بار یہ انکشاف کیا ہے کہ اپنے کیریئر کے دوران وہ کاسٹنگ کاؤچ جیسے ناخوشگوار تجربے سے گزری ہیں، اور اس واقعے میں ملوث شخصیت پاکستان کی ایک انتہائی بااثر ہستی ہیں۔دعا ملک نے یہ بات ایک پوڈکاسٹ کے دوران گفتگو میں بتائی، جہاں انہوں نے شوبز کی دنیا اور اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے بچے بھی اس شعبے کا حصہ بنیں، اسی لیے وہ انہیں امریکا لے آئی ہیں تاکہ وہ اس ماحول سے دور رہیں۔کاسٹنگ کاؤچ پر بات کرتے ہوئے ابتدا میں دعا ملک نے کہا کہ انہیں ایسا تجربہ کبھی پیش نہیں آیا کیونکہ وہ اور ان کی بہن حمائمہ ملک ہمیشہ ڈٹ کر ’نہ‘ کہنے کی ہمت رکھتی تھیں۔
ان کے مطابق شوبز میں بہت سی لڑکیاں اپنی کمزوری یا دباؤ کے باعث ہتھیار ڈال دیتی ہیں، مگر وہ دونوں بہنیں ہمیشہ مضبوط موقف اپناتی رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بچپن میں وہ کچھ ڈرپوک طبیعت کی تھیں جبکہ حمائمہ زیادہ نڈر تھیں، اس وجہ سے ان بہنوں کو زیادہ مسائل کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ تاہم بعد ازاں دعا ملک نے اعتراف کیا کہ ایک موقع پر انہیں کاسٹنگ کاؤچ کا سامنا کرنا پڑا جس کے نتیجے میں ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا۔دعا ملک نے واقعے کی تفصیلات شیئر کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ اس میں ملوث شخصیت پاکستان کی ایک بڑی ہستی ہیں، اور وہ اپنے اہلخانہ کے تحفظ کی خاطر کبھی اس معاملے کو منظرعام پر نہیں لائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ وہ اس وقت امریکا میں مقیم ہیں مگر ان کا خاندان پاکستان میں ہے، اسی لیے وہ اس موضوع پر مزید بات نہیں کرنا چاہتیں۔