اسلام آباد (نیوز ڈیسک)دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے۔ یاد رہے کہ چھ روز قبل کھیلے گئے گروپ میچ میں بھارت نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دی تھی۔ٹیم مینجمنٹ نے بھارت کے خلاف اہم مقابلے کے لیے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خوشدل شاہ، جو یو اے ای کے خلاف میچ میں فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیے گئے تھے، ممکنہ طور پر حتمی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں بن سکیں گے۔
رپورٹس یہ بھی بتاتی ہیں کہ جارح مزاج بیٹر حسن نواز اور بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم، جو گروپ میچ کا حصہ تھے، اس مرتبہ میدان میں نظر نہیں آئیں گے۔ کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا نے بھارتی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں لانے کے لیے اسپن کے بجائے فاسٹ بولنگ پر زیادہ انحصار کرنے کی حکمت عملی بنائی ہے۔بھارت کے خلاف میچ کے لیے متوقع پاکستانی ٹیم یہ ہوگی: صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، حسین طلعت، وکٹ کیپر محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد۔