اسلام آباد (این این آئی)آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خطہ پوٹھوہار،خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے تاہم شام /رات کے اوقات میں بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں چند مقامات پر تیز/موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ شام /رات کے اوقات میں جنوبی پنجاب، شمال مشرقی/جنوبی بلوچستان اور جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وسطی اور جنوبی سندھ میں کہیں کہیں جبکہ بلوچستان کے ساحلی علاقوں، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ جنوبی سندھ میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی اور ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔ اس دوران سب سے زیادہ بارش ٹنڈو جام میں 89، تھرپارکر (کلوئی 70، ڈیپلو 52، ننگرپارکر 20، اسلام کوٹ 14، دھلی 5)، حیدرآباد (ایئرپورٹ 44، سٹی 39)، کراچی (کورنگی 24، فیصل بیس 23، ایئرپورٹ اولڈ ایریا 18، گلشن حدید 16، سعدی ٹاؤن، یونیورسٹی روڈ 15، کیماڑی 18، مسرور بیس 13، ڈی ایچ اے 12، ناظم آباد، ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن 10، سرجانی ٹاؤن، گلشن معمار 5، میر پور خاص 11، بدین 10، چھور 3، مظفر آباد (شہر 14، ایئرپورٹ 10)، پسنی 6، اورماڑہ 4، لسبیلہ ایک، لاہور سٹی 5 اور بالاکوٹ میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔جمعہ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت کی رپورٹ کے مطابق نو کنڈی اور دالبندین میں درجہ حرارت 44 اور چلاس میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔