گلگت(این این آئی)گلگت بلتستان کے علاقے غذر کی تحصیل گوپس کے گاؤں روشن تالی داس کے مقام پر گلیشئر پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی۔ذرائع کے مطابق دریائے غذر میں اونچے درجے کے سیلاب کے خدشے کے پیش نظرنشیبی علاقوں کیلئے خطرات میں اضافہ ہوگیا ۔ضلعی انتظامیہ نے بتایاکہ دریا کے کنارے آبادی کو خالی کرالیاگیا، سیلاب سے دریا میں 5کلومیٹر لمبی جھیل بن گئی ہے۔انتظامیہ نے بتایاکہ جھیل کسی بھی وقت ٹوٹ جانے کا خدشہ ہے۔
ترجمان صوبائی حکومت کے مطابق سیلاب سے متعدد دیہات زیر آب آگئے ،سیلاب سے لوگوں کا شدید مالی نقصان ہوا تاہم جانیں محفوظ ہیں۔گلیشئیر پھٹنے سے پھنسے 50سے زائد افراد کو بھی ریسکیو کرلیا گیا ہے۔ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایاکہ وزیراعلیٰ خود صوتحال کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ مزید نقصان نہ ہو،پانی ایک جھیل کی صورت اختیار کرگیا ہے جس کے باعث متصل دیہات مزید زیر آب آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ترجمان نے کہاکہ متاثرہ علاقے میں امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر غذر نے کہاکہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث دریائے غذر کا بہاؤ رک گیا، جس کی وجہ سے پانی جمع ہونے سے مزید آبادیاں کٹا اور ممکنہ سیلابی خطرے کی زد میں آ رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں کو بروقت اطلاع دے دی گئی تھی جس کی وجہ سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔