اسلام آبا د (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارش کے دوران پانی جمع ہونا فطری عمل ہے اور جیسے ہی بارش رکے گی، نکاسی کا کام تیز کردیا جائے گا۔کراچی کے علاقے نرسری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پوری دنیا پر نمایاں ہیں، حال ہی میں خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں بارشوں کے باعث 400 سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ روز صرف 12 گھنٹوں کے دوران 200 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ ہوئی، اس دوران انتظامیہ، بلدیاتی ادارے اور میں خود سڑکوں پر موجود رہا تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے اور بارش کے پانی کی نکاسی کی جاسکے۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آج عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا تاکہ لوگ گھروں میں رہیں، لیکن اس کے باوجود شہری باہر نکلے ہوئے ہیں، عوام کو بھی اپنی حفاظت کے پیشِ نظر احتیاط کرنا چاہیے۔انہوں نے اعتراف کیا کہ خامیاں اور کوتاہیاں ضرور ہوتی ہیں مگر حکومت مسلسل کام کر رہی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں صبح سے جاری موسلا دھار بارش نے شہر کو بُری طرح متاثر کیا، کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے اور مختلف حادثات میں متعدد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔