اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کے ایم سی کی گریڈ 18 افسر ریحانہ یاسین نے اپنے سابق شوہر کے خلاف کارروائی کے لیے سٹی کورٹ سے رجوع کر لیا۔درخواست گزار نے وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ کے ایم سی کے ڈرائیور وسیم خان نے 2024 میں بلیک میلنگ کے ذریعے شادی پر مجبور کیا، تاہم کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں سے انکار کرنے پر دونوں کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے۔ بعد ازاں 2025 میں وسیم خان نے اسے طلاق دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ریحانہ یاسین نے عدالت کو بتایا کہ علیحدگی کے بعد بھی وسیم خان مسلسل اسے اور اس کے اہل خانہ کو ہراساں کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسیم خان اور اس کی پہلی بیوی رابعہ کامران بیگ نہ صرف 50 لاکھ روپے کا تقاضا کر رہے ہیں بلکہ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ اہل خانہ کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے، اس لیے عدالت سول لائن پولیس کو ہدایت دے کہ ملزمان کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے۔