کراچی(این این آئی)کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں تیز رفتار واٹر ٹینکر کی ٹکر سے سات سالہ ارسلان ولد رئیس جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کے بعد بچے کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔حادثہ خلیل مارکیٹ ولایت شاہ بابا مزار کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتاری سے گزرنے والے واٹر ٹینکر نے راہ چلتے ارسلان کو کچل دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا اور ملوث ڈرائیور کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔حادثے کے بعد کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ واٹر ٹینکر حادثے کے بعد تیزی سے گلی سے جا رہا ہے۔فوٹیج میں ایک بچے اور ایک شخص کو واٹر ٹینکر کے پیچھے بھاگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ بچہ اہل محلہ کو روتے ہوئے ٹینکر کی جانب اشارہ کر رہا ہے۔