اسلام آباد(نیوز ڈیسک)دریائے سندھ میں چشمہ بیراج پر اس وقت درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ تربیلا، کالا باغ اور تونسہ بیراج کے مقامات پر پانی کی سطح نچلے درجے کے سیلاب کے برابر ہے۔پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ بیراج پر پانی کے بہاؤ میں کمی آئی ہے، تاہم ہیڈ خانکی پر بہاؤ میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور وہاں بھی نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کی سطح بڑھ رہی ہے اور بہاؤ 64 ہزار کیوسک تک پہنچ چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے راوی کے نالہ بین، شکر گڑھ کے قریب پانی کی سطح مستحکم ہے اور نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے اہم پہاڑی برساتی نالوں میں اس وقت کوئی پانی کا بہاؤ نہیں پایا جاتا۔ تربیلا ڈیم اپنی گنجائش کے 96 فیصد تک بھر چکا ہے، جبکہ منگلا ڈیم 67 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ تربیلا ڈیم کا موجودہ لیول 1546.50 فٹ اور منگلا ڈیم کا لیول 1209.35 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، دریاؤں کے کنارے یا پاٹ میں موجود افراد فوراً محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ایمرجنسی انخلا کی صورت میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔انہوں نے خبردار کیا کہ دریاؤں، نہروں، ندی نالوں اور تالابوں میں ہرگز نہائیں اور سیلابی صورتحال میں دریاؤں کے اطراف سیر و تفریح سے اجتناب کریں۔ بچوں کو بھی ان مقامات کے قریب جانے سے روکا جائے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری فوراً پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں، کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ادارے کی اولین ذمہ داری ہے۔