اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پشاور — خیبرپختونخوا حکومت کا ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر چینگئی بانڈہ کے قریب سوکئی کے علاقے میں حادثے کا شکار ہو گیا، جس کے نتیجے میں سوار پانچ افراد شہید ہو گئے۔ حکام کے مطابق حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر باجوڑ میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جا رہا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر سے رابطہ ٹوٹ گیا تھا، جس کے بعد فوری طور پر سرچ ٹیمیں روانہ کی گئیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صوبائی حکومت کا دوسرا ہیلی کاپٹر اس وقت ضلع بونیر میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے گاؤں جبراڑئی میں گزشتہ رات آنے والے شدید سیلابی ریلے سے کئی مکانات تباہ ہو گئے، پل اور رابطہ سڑکیں پانی میں بہہ گئیں۔ اب تک مختلف حادثات میں 21 افراد کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جبکہ مقامی لوگوں کے مطابق 7 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔زخمی ہونے والے تین افراد کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، اور ریسکیو ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں۔