راولپنڈی(این این آئی)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو آذربائیجان کے اعلیٰ ترین پیٹریاٹک وار میڈل سے نواز دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر سے آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم نے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے آذربائیجان اور آرمینیا تنازع کے پْر امن حل پر مبارکباد دی، ملاقات میں دفاعی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کو فوجی تعاون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں آذربائیجان کے اعلیٰ ترین پیٹریاٹک وار میڈل سے نوازا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے آذربائیجان کے ساتھ مثالی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ظاہر کیا۔آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر خراج تحسین پیش کیا، یوم آزادی اور فتح کی تقریبات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کے دوران آذربائیجان کی یکجہتی اور یوم آزادی کی تقریب میں شرکت پر شکریہ اداکیا، ملاقات میں عسکری قیادت نے دفاعی تعاون بڑھانے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔پیٹریاٹک وار میڈل صدر الہام علیوف کی جانب سے فوجی تعاون کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں دیا گیا، کرنل جنرل کریم نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔