اسلا آباد (نیوز ڈیسک)گلگت میں دنیور نالے کی بحالی کے دوران پیش آنے والے حادثے میں 8 رضاکار جان کی بازی ہار گئے۔تفصیلات کے مطابق حالیہ سیلاب سے متاثرہ دنیور نالے کی مرمت اور صفائی کا کام جاری تھا کہ اچانک مٹی کا بھاری تودا گر گیا، جس کے نیچے آٹھ افراد دب کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ چار زخمیوں کو ریسکیو ٹیموں نے نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تودے کے نیچے مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان موجود ہے۔ادھر گلگت بلتستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں بدستور جاری ہیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر کے پگھلنے سے نالے میں شدید طغیانی آ گئی ہے، جس سے قریبی آبادیاں، فصلیں اور زرعی زمینیں متاثر ہوئی ہیں۔ قراقرم ہائی وے کو بھی نقصان پہنچا ہے اور شاہراہ ہنزہ کو ایک مرتبہ پھر بند کرنا پڑا ہے۔ٹریفک کو متبادل نگر روڈ سے گزارا جا رہا ہے، جبکہ سڑکوں کی بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔ دریائی و زمینی کٹاؤ کے باعث نصف درجن گاڑیاں بڑے حادثے سے بال بال بچیں۔ ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیاں خطے میں خطرناک حد تک بڑھ چکی ہیں، جو آئندہ مزید مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔