اسلا آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے طلبہ کے لیے ’’ہونہار اسکالرشپ‘‘ پروگرام کا آن لائن پورٹل دوبارہ فعال کرنے کا اعلان کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے پیغام میں انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’’پیارے طلبہ! آپ کے خواب پنجاب کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ اس اسکالرشپ کے تحت اب تک 80 ہزار سے زائد قابل طلبہ کو تعلیمی سفر آگے بڑھانے کے لیے مواقع فراہم کیے جا چکے ہیں۔
ان میں سے 50 ہزار طلبہ پہلے ہی وظائف سے استفادہ کر رہے ہیں، جب کہ مزید 30 ہزار کو وظائف دیے جائیں گے، اور آئندہ اس تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔مریم نواز نے بتایا کہ ’’ہونہار اسکالرشپ‘‘ گزشتہ سال سے 67 جدید اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ شعبوں میں تعلیم کے مواقع پیدا کر رہا ہے، تاکہ نوجوانوں کو ان کی صلاحیت کے مطابق ترقی کا موقع مل سکے۔انہوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اعتماد اور جذبے کے ساتھ اسکالرشپ کے لیے درخواست دیں اور اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کی کامیابی ہی ان کا اصل فخر ہے۔