اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی وُڈ کے معروف اداکار عامر خان، جو اپنی باریکی پسندی اور منفرد انداز کے لیے پہچانے جاتے ہیں، ایک بار پھر خبروں میں ہیں۔ حال ہی میں انہوں نے ممبئی کے مشہور علاقے باندرہ میں چار عالیشان اپارٹمنٹس کرائے پر حاصل کیے ہیں، جن کا کل ماہانہ کرایہ 80 لاکھ روپے بتایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق عامر خان نے ان فلیٹس کے لیے پانچ سال کا کرایہ نامہ طے کیا ہے، جس کے تحت انہوں نے 4 کروڑ 70 لاکھ روپے بطور سیکیورٹی ڈپازٹ جمع کروائے ہیں۔
یہ قدم انہوں نے اس لیے اٹھایا کیونکہ ان کی موجودہ رہائش گاہ ’ورگو ہاؤسنگ سوسائٹی‘ اس وقت ازسرِ نو تعمیر کے مراحل سے گزر رہی ہے۔ ایسے میں انہیں وقتی طور پر متبادل رہائش کی ضرورت پیش آئی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان کا نیا عارضی پتہ معروف اداکار شاہ رخ خان کی عارضی رہائش گاہ کے بہت قریب واقع ہے، جو اپنی رہائشگاہ ’منت‘ کی تزئین و آرائش کے سبب فی الحال اسی علاقے میں مقیم ہیں۔ یوں یہ علاقہ بھارتی فلمی دنیا کے کئی ستاروں کا عارضی مسکن بن چکا ہے۔باندرہ اور پالی ہل کو ویسے ہی شوبز شخصیات کی رہائشگاہوں کے لیے جانا جاتا ہے۔ سلمان خان، کرینہ کپور، سیف علی خان، رنبیر کپور، عالیہ بھٹ، ریکھا اور اب رنویر سنگھ و دیپیکا پڈوکون بھی اپنی بیٹی دعا کے ساتھ اسی علاقے میں قیام پذیر ہیں، جہاں سے سمندر کا خوبصورت منظر بھی نظر آتا ہے۔