اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب کے شہر جھنگ کے علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک نوجوان نے اپنی بہن کو فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ پولیس کے مطابق، مقتولہ حال ہی میں کرغزستان سے ایم بی بی ایس کی تعلیم مکمل کر کے وطن واپس آئی تھی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ موضع گگڑانہ حولی لعل میں عمیر مشتاق نامی شخص نے رات کے وقت اپنی بہن پر اس وقت گولیاں چلائیں جب وہ گھر پر موجود تھی۔
بتایا جا رہا ہے کہ مقتولہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر حسنین سے شادی کر لی تھی، جس پر اہل خانہ ناخوش تھے۔اس نکاح کو “غیرت” کے خلاف سمجھتے ہوئے بھائی نے انتہائی قدم اٹھایا اور واقعے کے بعد فرار ہو گیا۔ پولیس نے مقتولہ کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔یہ واقعہ پاکستان میں غیرت کے نام پر ہونے والے بڑھتے ہوئے واقعات کی ایک اور کڑی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مردان کے علاقے بالا گڑھی میں بھی ایک بھائی نے بہن کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا، مقتولہ طلاق یافتہ اور چار بچوں کی ماں تھی۔اسی طرح 19 جولائی کو کوئٹہ کے نواحی علاقے ڈگاری میں پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ بھی ابھی تک ذہنوں میں تازہ ہے، جس میں بانو اور احسان اللہ کو گولیاں مار دی گئیں، اور اس لرزہ خیز واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔