اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں تعینات ایک خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں وہ سرکاری گاڑی کے قریب پہنچتی ہیں اور پیچھے سے آنے والے پولیس اہلکار سے دروازہ کھلواتی ہیں۔ پولیس اہلکار جیسے ہی دروازہ کھولتا ہے، تو وہ اندر بیٹھ جاتی ہیں۔ اس واقعے کو سوشل میڈیا صارفین نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے طنزاً سوال کیا، ’’یہ خاتون کون ہیں؟ کیا یہ کسی جسمانی معذوری کا شکار ہیں؟‘‘۔ ان کا اشارہ اس جانب تھا کہ افسر خاتون نے خود گاڑی کا دروازہ کھولنے کے بجائے اہلکار سے کام لیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم “گروک” کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون افسر کا نام اقرا مبین ہے، جو کہ اسسٹنٹ کمشنر گوجرانوالہ سٹی کے عہدے پر تعینات ہیں۔ ان کے اس انداز پر تنقید کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
ایک صارف نقیب نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، ’’یہ کوئی جسمانی معذوری نہیں بلکہ ذہنی رویے کا مسئلہ ہے۔ ان کے نام کی اہمیت نہیں، بلکہ یہ صرف اپنے عہدے کی بنیاد پر پہچانی جاتی ہیں، اور ایسے افراد کو بیوروکریٹ کہا جاتا ہے۔‘‘
ویڈیو کے سوشل میڈیا پر پھیلنے کے بعد کئی افراد نے سرکاری افسران کے عمومی رویے اور عوامی نمائندگی کے معیار پر سوالات اٹھائے ہیں۔