راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی میں گزشتہ ہفتے شدید بارش کے بعد سیلابی پانی سے بھرے نالے میں کار بہہ جانیسے بیٹی سمیت جاں بحق ہوجانے والے ریٹائرڈ کرنل اسحٰق قاضی کی گاڑی کو ریسکیو حکام نے برآمد کرلیا۔ریسکیو حکام کے مطابق ریٹائرڈ کرنل اسحٰق قاضی کی گاڑی، جو ایک سرمئی رنگ کی ہونڈا سٹی تھی، کاک پل کے قریب سے ملی، سرچ ٹیموں نے گزشتہ جمعہ کو کرنل قاضی کی لاش تلاش کر لی تھی، ان کی عمر تقریباً 62 سے 64 سال کے درمیان تھی اور وہ ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے ) فیز 5 کے رہائشی تھے تاہم کرنل اسحٰق قاضی کی بیٹی منیبہ کی لاش تاحال نہیں ملی، ضلعی ایمرجنسی آفیسر (ڈی ای او ) صبغت اللہ نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلابی پانی میں ڈوبنے والی بچی کی لاش بھی جلد مل جائے گی۔
ریٹائرڈ کرنل اور ان کی بیٹی شدید بارش اور گلیوں اور سڑکوں پر پانی بھرا ہونے کے باوجود گاڑی میں روانہ ہوئے تھے۔اسلام آباد کے سہالہ تھانے کے ایک بیان کے مطابق قریبی سڑک پر شدید بارش کے باعث پانی جمع ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے ان کی گاڑی بند ہو گئی تھی، جب کرنل اسحٰق نے گاڑی دوبارہ اسٹارٹ کرنے کی کوشش کی، تو پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا اور دونوں افراد تیز بہاؤ کے ساتھ گاڑی سمیت نالے میں بہہ گئے تھے۔خیال رہے کہ پاکستان میں مون سون کا موسم عام طور پر جون کے آخر سے ستمبر تک جاری رہتا ہے، اس دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشیں ہوتی ہیں، اور خاص طور پر شمالی اور مغربی علاقوں میں اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ جیسے شدید موسمی خطرات بڑھ جاتے ہیں۔