اسلام آباد (نیوز ڈیسک) گلگت بلتستان میں شدید موسم کی پیشگوئی کے بعد حکومت نے ہنگامی الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام اور سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی ہے۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت، فیض اللہ فراق، کے مطابق محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے، جس کے باعث حکومت نے ایک نیا انتباہ جاری کر دیا ہے۔فیض اللہ فراق نے کہا کہ تازہ بارشوں کے اس سلسلے میں گلیشیئر کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ، طغیانی اور سڑکوں کی بندش جیسے خطرات موجود ہیں۔
ترجمان نے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی افراد کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔ بابوسر ٹاپ کے علاقے میں لاپتا سیاحوں کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے، اور ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔فیض اللہ فراق نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کا عمل تیزی سے جاری ہے، اور وفاقی حکومت کے تعاون سے نقصانات کا ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔