کراچی(این این آئی)شہر قائد کے علاقے ملیر کھوکھرا پار میں 16 سالہ پڑوسی لڑکی کی لاش ملنے کا معمہ حل ہوگیا، پولیس نے زیادتی کے بعد قتل کرنے والے پڑوسی کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق ملیر کھوکھراپار میں گھر کے باہر سے لڑکی کی لاش ملنے کا معمہ بیس دن میں حل ہوگیا۔ سولہ سالہ اریبہ کے قتل میں ملوث پڑوسی ملزم محمد حذیفہ کو گرفتار کرلیا گیا۔ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا کہ دس جولائی کو اریبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا، شور مچانے پر اس کے منہ پر ہاتھ رکھا جس پر وہ دم گھٹنے سے مر گئی تھی۔
ملزم نے کہا کہ اریبہ میری پڑوسن تھی جو میرے گھر اپنی دوست کا پوچھنے آئی تھی، گھر خالی ہونے اور شیطان کے بہکاوے میں آ کر جرم کیا۔پولیس کے مطابق قتل کی واردات کا مقدمہ کھوکھرآپار تھانے میں درج ہے، میڈیکل میں لڑکی سے زیادتی بھی ثابت ہوئی تھی جس کے بعد پولیس نے 20 سے زائد افراد کا ڈی این اے ٹیسٹ لیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزم کو شک کی بنیاد پر حراست میں لیا تو اس نے اعتراف جرم کرلیا۔پولیس نے ملزم کے خلاف ایک سو چونسٹھ کا بیان ریکارڈ کرکے عدالت میں پیش کیا،جہاں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ملزم کو جیل بھیج دیا۔واضح رہے کہ 16 سالہ متوفیہ 2 بہن بھائیوں میں بڑی تھی۔