اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان اور قاسم خان امریکا کا دورہ مکمل کرنے کے بعد لندن واپس لوٹ آئے ہیں۔ یہ دورہ انہوں نے اپنے والد کی رہائی کے لیے بین الاقوامی سطح پر حمایت حاصل کرنے کی غرض سے کیا تھا۔ذرائع کے مطابق، سلیمان اور قاسم خان نے واشنگٹن میں متعدد امریکی قانون سازوں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں کانگریس کے رکن بریڈ شرمین، مائیک لیون (کیلیفورنیا)، گریگوری میکس (ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی کے رینکنگ ممبر)، جم کوسٹا، ٹیڈ لیو، بلی سن اور ہواریسن شامل تھے۔
اس کے علاوہ عمران خان کے بیٹوں کی ملاقات امریکی سابق سفارتکار اور ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی ساتھی رچرڈ گرینل سے بھی ہوئی، تاہم ٹرمپ انتظامیہ کے موجودہ کسی اہم رکن سے ملاقات کا موقع نہیں ملا۔ دورے کے دوران کسی بڑے امریکی نشریاتی ادارے پر ان کا انٹرویو بھی نشر نہ ہو سکا۔دوسری جانب، حال ہی میں اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے واضح کیا کہ ان کے بچے فی الحال پاکستان نہیں آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سلیمان اور قاسم کسی بھی سیاسی یا احتجاجی سرگرمی میں حصہ نہیں لیں گے اور نہ ہی کسی تحریک کی قیادت کریں گے۔