اسلام آباد (نیوز ڈیسک) معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ جگن کاظم نے نوجوان فنکارہ علیزے شاہ سے باضابطہ معافی مانگ لی ہے۔ ایک ویڈیو پیغام میں جگن کاظم نے تسلیم کیا کہ انہوں نے بطور سینئر اداکارہ وہ طرزِ عمل اختیار کیا جو مناسب نہیں تھا، اور اس پر انہیں شدید افسوس ہے۔اپنے بیان میں جگن نے واضح کیا کہ ان کی نیت کسی کو تکلیف پہنچانے کی ہرگز نہیں تھی، تاہم اگر ان کے رویے سے علیزے شاہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں تو وہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔
یہ معافی اس وقت سامنے آئی جب اداکارہ علیزے شاہ نے ایک تقریب کے دوران پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے کا ذکر کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ گلوکارہ شازیہ منظور نے انہیں دھکا دے کر جان بوجھ کر گرایا۔ علیزے کا کہنا تھا کہ اس واقعے پر جگن کاظم کی طنزیہ اور غیر سنجیدہ ردعمل نے انہیں شدید مایوس کیا۔علیزے شاہ کا مزید کہنا تھا کہ وہ جگن کو ایک سنجیدہ اور باوقار شخصیت سمجھتی تھیں، لیکن ان کے روئیے نے ان کے خیالات کو بدل دیا۔جگن کاظم نے سوشل میڈیا پر علیزے سے متعلق وائرل میمز اور غیر ذمہ دارانہ تبصروں پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حساس معاملات کو مذاق کا رنگ دینے کے بجائے سنجیدگی سے لینا چاہیے۔اپنے ویڈیو پیغام میں جگن نے عوام اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ دوسروں کی عزت کا خیال رکھیں اور گفتگو یا رویے میں شائستگی کا دامن نہ چھوڑیں۔