کراچی(نیوزڈیسک) سندھ کے سابق وزیرداخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے ناراض سیاست دان ڈاکٹر ذوالفقارمرزا نے اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کر دیا۔مرزا سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے کشیدہ تعلقات کے بعد پچھلے کئی برسوں سے پی پی پی سے کنارہ کش تھے۔مرزا نے بتایا کہ انہوں نے اپنے حامیوں اور ملک میں موجود سینئر دوستوں سے مشاورت کے بعد نئی پارٹی بنانے کا فیصلہ کیا۔سابق صوبائی وزیر کے مطابق، ان کی پارٹی سندھ سمیت تمام صوبوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی۔’ سندھ سے چوروں اور لٹیروں کو بھگائیں گے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’کالا باغ ڈیم ملکی مفاد میں نہیں، پنجاب کے عوام کو اس حوالے سے حقائق بتائیں گے‘۔’نئی جماعت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے نقش قدم پر چلےگی‘۔پی پی پی اور اس کی سیاست کے حوالے سے مرزا کا کہنا تھا کہ انہیں بلاول بھٹو زرداری سے توقعات تھیں کہ وہ پارٹی کو آزاد کرائیں گے۔