لاہور ( نیوزڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹر سعید غنی نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 122میں پانی کی طرح پیسہ بہایاگیا، الیکشن کمیشن کی نااہلی کھل کرسامنے آگئی، دہشت گردوں کے کندھوں پر چڑھ کر اسمبلیوں میں آنے والے کبھی آمریت کی گود میں بیٹھتے ہیں اورکبھی شاہی محلات میں ہوتے ہیں۔ لاہور میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے خواتین کی کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سعیدغنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کاساتھ دیا ان کی لیڈر شپ نے اس کی قیمت جان دے کرچکائی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی مشکل دور سے ضرور گزر رہی ہے لیکن یہ کبھی ختم ہوئی نہ ہوگی، پاکستان کا مستقبل بلاول بھٹو سے مشروط ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے کندھوں پر چڑھ کر اسمبلیوں میں آنے والے کبھی آمریت کی گود میں بیٹھتے ہیں اورکبھی شاہی محلات میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میاں منشا کیخلاف کوئی ایکشن کیوں نہیں لیتی اور اسٹیل مل کے خلاف بھی حکومتی سازش کسی سے چھپی ہوئی نہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ اس وقت فوج برسر اقتدار آنے کی پوزیشن میں نہیں ۔