بابا وانگا کی پیش گوئیاں ایک بار پھر خبروں کی زینت، یورپ اور عالمی معیشت سے متعلق خدشات بڑھ گئے
بلغاریہ سے تعلق رکھنے والی مشہور نابینا پیش گو، بابا وانگا، کی کئی دہائیوں قبل کی گئی بعض حیران کن پیش گوئیاں ایک بار پھر عالمی منظرنامے پر بحث کا موضوع بنی ہوئی ہیں، خاص طور پر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تناؤ کے تناظر میں۔
بابا وانگا، جن کی متعدد پیش گوئیاں ماضی میں درست ثابت ہو چکی ہیں — جن میں امریکہ میں نائن الیون کا واقعہ، کووِڈ-19 وبا اور چین کا عالمی طاقت بننا شامل ہے — نے 2025 کے بارے میں بھی سنگین خدشات ظاہر کیے تھے۔ ان کے مطابق یہ سال یورپ کے لیے انتہائی خطرناک ہوگا اور ایسا المیہ پیش آئے گا جو براعظم یورپ کی بنیادیں ہلا کر رکھ دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف جنگ نہیں بلکہ ایسی تباہی ہوگی جو یورپ کی بڑی آبادی کو ختم کر دے گی۔
بین الاقوامی میڈیا، خصوصاً نیویارک پوسٹ میں شائع رپورٹس کے مطابق، بابا وانگا نے جس مبہم انداز میں بعض یورپی ممالک کو نشانہ بنتے ہوئے پیش گوئی کی تھی، وہ موجودہ غیر یقینی سیاسی صورتحال سے میل کھاتی دکھائی دے رہی ہے۔ ان کے مطابق یہ دور انسانیت کی اخلاقی و معاشرتی تنزلی کا آغاز ہوگا۔
عالمی سطح پر معاشی حالات بھی ان کی پیش گوئیوں سے مطابقت رکھتے دکھائی دیتے ہیں۔ بابا وانگا نے دنیا بھر میں اقتصادی نظام کے عدم استحکام کی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ 2025 میں عالمی مالیاتی نظام انتشار کا شکار ہوگا۔ آج کے حالات میں، جب کہ امریکا، چین، اور دیگر بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ زوروں پر ہے، ان کے دعوے کی سچائی پر کئی لوگ یقین کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
حال ہی میں امریکا نے چین کی درآمدات پر بھاری ٹیرف عائد کیے، جس پر چین نے جوابی اقدامات کرتے ہوئے امریکا پر مزید سخت ٹیرف نافذ کیے۔ چین پر 145 فیصد تک ٹیرف لگنے سے ماہرین نے عالمی معیشت میں گہرے بحران کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔
بابا وانگا کا دعویٰ تھا کہ وہ بارہ برس کی عمر میں ایک طوفان کے نتیجے میں بینائی سے محروم ہو گئی تھیں، جس کے بعد ان میں مستقبل کی جھلک دیکھنے کی صلاحیت پیدا ہو گئی۔ ان کی پیش گوئیاں صرف قریب المستقبل تک محدود نہیں رہیں، بلکہ انہوں نے آئندہ صدیوں کے بارے میں بھی غیرمعمولی دعوے کیے تھے۔
ان کے مطابق:
2028 میں انسان سیارہ وینس سے توانائی حاصل کرے گا۔
2033 میں سمندر کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو جائے گی۔
2076 میں دنیا بھر میں کمیونزم کا غلبہ ہوگا۔
2130 میں انسانوں کا خلائی مخلوق سے رابطہ قائم ہوگا۔
2171 میں زمین خشک سالی سے شدید متاثر ہوگی۔
3005 میں زمین کسی دوسرے سیارے سے ٹکرا سکتی ہے۔
اور 5079 میں دنیا کا اختتام ہو جائے گا۔
بابا وانگا 1996 میں 84 برس کی عمر میں اس دنیا سے رخصت ہوئیں، مگر جب بھی دنیا کسی بڑے بحران یا تصادم کا سامنا کرتی ہے، ان کی پیش گوئیاں دوبارہ موضوعِ گفتگو بن جاتی ہیں۔