اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ نے آٹے کی قیمتوں میں کمی کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے روٹی کی قیمت میں 10 روپے کی نمایاں کمی کر دی ہے، جس کے تحت 360 گرام وزنی روٹی اب 30 روپے میں دستیاب ہوگی۔تفصیلات کے مطابق، اس سے قبل یہی روٹی 40 روپے میں فروخت ہو رہی تھی۔ ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو صارفین نے خوش آئند قرار دیا ہے اور قیمت میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء میں اس قسم کی کمی عوام کے لیے بڑی سہولت ہے۔تاہم، تندور چلانے والے افراد نے اس فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ موجودہ مہنگائی اور پیداواری اخراجات کے پیش نظر روٹی اس قیمت پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ مقرر کردہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں اور تندور مالکان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوامی مفاد کے فیصلوں پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔