جامشورو(این این آئی) دریجی سے بدین جانے والا ٹرک کھائی میں گرنے سے زخمی ہونے والے مزید 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، حادثہ میں جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق جامشورو حادثہ میں 9 افراد موقع پر ہی لقمہ اجل بن گئے تھے جبکہ زخمی ہونے والے 28 افراد میں سے مزید4افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد حیدرآباد لائے گئے مزید 3 زخمی دم توڑ گئے۔یہ خوفناک حادثہ تھانہ بولاخان کے پہاڑی سلسلے میں بلوچستان اور سندھ کے سنگم پر واقع دریچی سے تونگ کی طرف آنے والے روڈ پر پیش آیا جہاں مزدا گاڑی تیز رفتاری کے باعث پہاڑی اترتے ہوئے الٹ گئی۔حادثے کی شدت اس قدر تھی کہ کئی مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ متعدد زخمیوں کو فوری طبی امداد کی اشد ضرورت تھی۔
ڈپٹی کمشنر جامشورو کے مطابق ٹرک تیز رفتاری کے باعث کھائی میں گر گیا، ٹرک میں 40 سے زائد افراد سوار تھے، جو بلوچستان میں گندم کی کٹائی کے بعد واپس آرہے تھے۔ریسکیو حکام کے مطابق دیگر زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے جس میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔حادثے کی اطلاع ملنے پر ایم پی اے ملک سکندر خان نے فوری طورپر تھانہ بولا خان اور نوری آباد سے ایمبولینسں جائے وقوعہ پر روانہ کرا دیں۔ذرائع کے مطابق تھانہ بولاخان کے مقامی اسپتال میں طبی سہولیات کا فقدان تھا، جس کے باعث متعدد زخمی بروقت علاج نہ ملنے کے سبب جاں بحق ہو گئے۔
زخمیوں میں شامل پانچ بچوں کو سول اسپتال حیدرآباد منتقل کیا گیا، تاہم افسوسناک طور پر چار بچے دوران علاج دم توڑ گئے۔حادثے کے بعد تونگ اسپتال اور تھانہ بولا خان اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، دوسری طرف اطلاع ہے کہ مقامی افراد کی جانب سے لاشیں اور زخمیوں کو اپنی نجی گاڑیوں میں تونگ اسپتال منتقل کردیا گیا۔حادثے کے بعد امدادی کارروائیاں فوری شروع کی گئیں، لیکن جائے حادثہ دشوار گزار علاقے میں واقع ہونے کے باعث زخمیوں کو اسپتالوں تک پہنچانے میں 4 سے 5 گھنٹے لگ گئے۔ریسکیو اہلکاروں، پولیس اور مقامی افراد کی کوششوں سے امدادی کارروائیاں مکمل کی گئیں۔ کمشنر حیدرآباد نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے میں جاں بحق افراد کا تعلق بدین کے گائوں راجوخانی سے ہے۔ٹریفک حادثے میں مجموعی طور پر اب تک 4 بچوں اور 6 خواتین سمیت 16 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جاں بحق ہونے والے افراد بلوچستان کے علاقے دریجی میں گندم کی کٹائی کی مزدوری کرکے واپس بدین جارہے تھے۔
اس حوالے سے ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق جھانگا نے میڈیا کو بتایا کہ بریک فیل ہونے کی وجہ سے ٹرک کھائی میں گرگیا تھا، مذکورہ ٹرک بلوچستان کے علاقے دریجی سے بدین جارہا تھا جس میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ٹرک حادثے میں 13 افراد کی ہلاکت کے واقعے پر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے انہوں نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ترجمان کے مطابق وزیراعلی سندھ نے کمشنر حیدرآباد سے حادثے کی مکمل رپورٹ طلب کرلی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ حادثے میں جاں بحق کولہی برادری کے لوگوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔وزیراعلی سندھ نے کمشنرحیدرآباد کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق افراد کی لاشیں ان کے آبائی علاقوں میں منتقل کی جائیں اور زخمیوں کو فوری طور پر حیدرآباد سول اسپتال منتقل کیا جائے،