اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں اور رہنماؤں کی بڑی تعداد کے احتجاج پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی کی تینوں بہنیں علیمہ خان، نورین خان اور عظمیٰ خان پولیس کی حراست میں لے لی گئیں۔ تینوں کو ایک پولیس وین میں منتقل کیا گیا۔ اس کے علاوہ پی ٹی آئی کی مرکزی رہنما عالیہ حمزہ کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔احتجاج کے دوران پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا، نیاز اللہ نیازی، حامد خان، شفقت اعوان، اور راجہ یاسر حسنین سمیت 11 افراد کو حراست میں لے لیا۔
رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کو اڈیالہ جیل کے باہر پہنچنے کی ہدایت دی گئی تھی، جس پر وہ احتجاجی مظاہرے میں شامل ہونے آئے۔ تاہم، پولیس نے موقع پر موجود متعدد کارکنان اور رہنماؤں کو حراست میں لے کر مختلف مقامات پر منتقل کر دیا۔گرفتاریاں صرف جیل کے سامنے سے نہیں ہوئیں، بلکہ گورکھپور ناکے کے قریب سے بھی چار پی ٹی آئی کارکنوں کو پولیس نے اپنی تحویل میں لیا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما اور کارکنان اڈیالہ جیل کے باہر اپنے بانی کی حمایت میں مظاہرہ کرنے کے لیے جمع ہوئے تھے، جس کے بعد صورتحال کشیدہ ہو گئی اور پولیس نے فوری ایکشن لیا۔