خرطوم (این این آئی )جنوبی سوڈان میں طیارے کے حادثے میں 20 افراد ہلاک ہوگئے۔غیرملکی میڈیا نے بتایاکہ سوڈانی حکام کے مطابق طیارے میں سوار 21 میں سے صرف ایک شخص بچ پایا، طیارہ تیل کمپنی کے عملے کو لے کر جارہا تھا، جو گر کر تباہ ہوگیا۔سوڈان کے پیٹرولیم حکام نے کہا کہ یہ طیارہ یونٹی اسٹیٹ کے تیل کے کھیتوں کے قریب پرواز بھرنے کے تین منٹ بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا۔طیارے کا ہدف دارالحکومت جوبا پہنچنا تھا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں 5 غیر ملکی شامل ہیں، جن میں دو چینی، ایک بھارتی اور دو یوگنڈا کے عملے کا رکن تھا، جبکہ باقی 15 افراد جنوبی سوڈان کے شہری تھے۔حکام کا کہنا تھا کہ حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکیں، تاہم تحقیقات جاری ہیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل سال 2021 میں بھی ایک کارگو طیارہ جوبا کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں اقوامِ متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کیلیے ایندھن لے جایا جارہا تھا اور اس حادثے میں 5 افراد ہلاک ہوئے تھے۔