لاہور(نیوزڈیسک)..محرم الحرام کے دوران پنجاب کے 22 اضلاع کوحساس قرار دے کر فوج اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے۔مختلف مکاتب فکر کے علما ء کی زبان اور ضلع بندی کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔ہوم سیکریٹری پنجاب اعظم سلیمان نے بتایا کہ محرم کے دنوں میں صوبے کے22 اضلاع کوحساس قرار دیا گیا ہے اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے ان ایام میں ان علاقوں میں ، فوج اور رینجرز کو طلب کر لیا گیا ہے۔ماہ محرم کے دوران اسلحہ کے اجرا اور اس کی نمائش پربھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے ، یوم عاشور اور اس سے قبل نکلنے والے بڑے جلوسوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج بنائی جائے گی ۔ علماء اور ذاکرین کی تقاریر کی مکمل ریکارڈنگ بھی کی جائے گی ۔صوبائی سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ ماہ محرم کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال سےمتعلق قانون پر سختی سے عملدآمد کرایا جائے گا ۔ اشتعال انگیز لٹریچر چھاپنے ، اسے تقسیم کرنے اور وال چاکنگ کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی ۔حکومت کی جانب سے اتحاد بین المسلمین میں شامل مکاتب فکر کے علما کو مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ہدایت کی گئی ہے۔