تہران(این این آئی)ایران کی فوجی صلاحیت میں اسرائیل اور امریکہ کے ساتھ ممکنہ تنازعات کی تیاری کے سلسلے میں ایک ہزار نئے جدید ڈرونز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ایرانی کے نیم سرکاری خبررساں ادارے تسنیم کی رپورٹ میں بتایا گیاکہ دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کیلئے ایرانی فوج کو گزشتہ روز جدید ڈرونز فراہم کردیئے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان ڈرونز کو ایران کے مختلف مقامات پر فوج کے حوالے کردیا گیا ہے، ان میں اعلیٰ اسٹیلتھ اور مضبوط قلعہ شکن صلاحیتیں موجود ہیں۔ان نئے ڈرونز کی خاصیت یہ ہے کہ ان میں خودکار پرواز کے ساتھ 2000کلومیٹر سے زیادہ کی رینج اور زبردست تباہ کن صلاحیت موجود ہے۔ان خاص ڈرونز میں دفاعی شیلڈز سے گزرنے اور نچلی سطح کا ریڈار کراس سیکشن عبور کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے۔رپورٹ کے مطابق نئے ڈرونز شامل ہونے سے ملکی سرحدوں کی بہتر نگرانی کے علاوہ دور دراز کے اہداف کیلئے ایرانی فضائیہ کے بیڑے کی جنگی صلاحیت بھی بڑھ گئی ہے۔