اسلام آباد (این این آئی) سابق وزیرسینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ اب اگر بانی پی ٹی آئی کو فوجی تحویل میں لے لیا جائے تو حیران کن نہیں ہوگا، فیض حمید پر چارج شیٹ سے ثابت ہے کہ اب کوئی قانون سے نہیں بچ سکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ پہلے بھی بتایا تھا سول نافرمانی کی کال اس ٹرائل سے لنک ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ ایک شخص کا ٹرائل ہو اور اس کے حواریوں کا نہ ہو، 9 مئی سے فیض حمید، پی ٹی آئی، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو الگ نہیں کیا جا سکتا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ میں نے پہلے بھی بتایا تھا کہ سول نافرمانی کی کال اس ٹرائل سے لنک ہے، اس کارروائی سے ثابت ہوتا ہے کہ اب قانون سے نہیں بچ سکتا۔انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کی جان لینے پر تلی ہوئی ہیں، بانی پی ٹی آئی کو بچانے کے لیے بول رہا تھا اس لیے مجھے پارٹی سے نکالا گیا۔