فیصل آباد (آن لائن) فیصل آباد سے مسلم لیگ ن کے صوبائی رکن اسمبلی ملک نواز کے بھائی اور ان کے ساتھیوں نے فلیکس بورڈ کے جھگڑے پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن میاں اقبال کاسترو کے صاحبزادے میاں خیال کاسترو کو ان کے دفتر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا بعدازاں پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکنوں نے احتجاجی جلوس نکالا اور تھانہ کے باہر دھرنا دیا ۔ رات گئے پولیس نے ایم پی اے ملک نواز کے بھائی اور اس دیگر ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔ سی پی او افضال احمد کوثر فیصل کا کہنا ہے کہ انہیں وزیروں مشیروں کی پرواہ نہیں وہ بلدیاتی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے نہیں دیں گے ۔ ایم پی اے کے بھائی کے خلاف درج مقدمہ کی صاف و شفاف تحقیقات کی جائیں گی ۔ آن لائن کے مطابق یونین کونسل 146 میں انتخابی فلیکس بورڈ لگانے پر پی ٹی آئی کے رہنما خیال کاسترو اور مسلم لیگ نواز کے رکن صوبائی اسمبلی ملک نواز کے بھائی ریاض ملک کے مابین تلخ کلامی ہو گئی بعدازاں ملک ریاض کے ساتھیوں نے پی ٹی آئی کے دفتر میں گھس کر میاں خیل کاسترو اور دیگر کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اسلحہ کے زور پر دفتر کو بھی بند کرانے کی بھی کوشش کی بعدازاں اہل علاقہ کی مداخلت پر رکن صوبائی اسمبلی کا بھائی ریاض ملک اور ان کے سیکورٹی گارڈ ہوائی فائرنگ کرتے اور اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ بعدازاں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے اس واقعہ کے خلاف تھانہ غلام محمد آباد کے باہر دھرنا دیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی کے بھائیوں نے محکمہ کنال کے ایکسین کے نوجوان بیٹے کو معمولی تلخ کلامی پر اندھا دھند فائرنگ کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ بعدازاں پولیس نے مقتول کے قتل کے الزام میں مقدمہ درج کر کے ملک نواز کے بھائیوں کو گرفتار کر لیا تھا ۔ ملزمان کے جیل جانے کے بعد سیاسی دباﺅ ڈال کر ملزمان نے مدعی پارٹی سے صلح کر لی جبکہ ایکسین محکمہ کنال اپنی بیوی بچوں کو لے کر فیصل آباد چھوڑ کر ضلع ننکانہ صاحب منتقل ہو گیا ۔