ماسکو(این این آئی)وفاقی وزیر توانائی (پاور ڈویژن) سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کو فروغ مل رہا ہے ،توانائی کا فروغ اور اقتصادی تعاون دونوں ممالک کے لیے اہم ہے۔ بدھ کے روز ماسکو میں جاری پاکستان اور روس کے درمیان 9ویں بین الحکومتی کمیشن کے اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دہائیوں پرانے تعلقات ہیں اور پاکستان روس کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
روسی وزیر سرگئی تسویلیف نے کہا کہ روس اور پاکستان کے تعلقات دیر پا دوستی اور اعتماد پر مبنی ہیں۔پاور ڈویڑن کے مطابق روس اور پاکستان کے درمیان 8معاہدوں پر دستخط کئے گئے ۔ کامسیٹس اور پشاوریونیورسٹی کیروسی تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے ہوئے جبکہ نیشنل وکیشنل ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کمیشن (نیوٹیک) کا بھی روسی یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا۔ دیگر معاہدوں میں انسولین کی تیاری کے حوالے سے بھی دونوں ممالک کیدرمیان معاہدہ طے پایا،دوطرفہ تجارت اور صنعتی شعبے میں تعاون سے متعلق بھی معاہدہ طے پا گیا۔پاکستان اورروس کے درمیان تجارتی ومعاشی تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی معاہدے پر دستخط کئے گئے۔