راولپنڈی(این این آئی) بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ گینگ آف تھری کیلیے آئینی ترامیم کی جارہی ہیں، ان کو ایکسٹینشن دینے کا مطلب چوروں کو تحفظ دینا ہے، آئینی ترمیم کرکے یہ آئین کو معطل کرنا چاہتے ہیں۔بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد میڈیا سیبات چیت کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے ووٹ چوروں کو تحفظ دیا ہے ان پر آرٹیکل6 لگنا ہے، آئینی ترمیم کا سارا معاملہ قاضی فائز عیسی کے گرد گھوم رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کا بھی کہنا ہے ان کو کوئی فرق نہیں پڑتا اگر ملک تباہ ہوجاتا ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ان کا سارا پیسہ اور جائیدادیں باہر پڑی ہیں، ہمیں اب اپنے گھروں سے نکلناہوگا، ہمیں جمہوریت اور عدلیہ کی آزادی کیلئے نکلنا ہے، بانی پی ٹی آئی نے تحریک شروع کی ہے جس کا آغاز کل لیاقت باغ سے ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت این او سی نہیں دیتی جلسہ نہیں کرنے دیتی اس لیے اب احتجاج کریں گے، یہ ہرجلسے کی اجازت کسی نہ کسی مویشی منڈی کی دیتے ہیں یہ عوام کو مویشی سمجھتے ہیں اس لیے ایسا کررہے ہیں، مویشی منڈیوں میں جلسے کی اجازت دے کر یہ انسانیت کی تذلیل کرتے ہیں۔علیمہ خان نے مزید کہا کہ کل جیل میں دو کیسز کی سماعت ہے اس کے بعد ہم بھی احتجاج میں شریک ہوں گے، جلسہ کرتے ہیں تو یہ بتیاں بند کردیتے ہیں،راستے بند کردیتے ہیں بانی پی ٹی آئی کی ہدایات ہیں احتجاج کیلیے سب نکلیں۔