لاہور( این این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف نجی ہسپتال کے مالک ڈاکٹر شاہد صدیق کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا ،ڈاکٹر شاہد صدیق کو ویلنشیا ٹائون میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے جارہے تھے ۔پولیس کے مطابق نامعلوم شوٹر نے ڈاکٹر شاہدصدیق کو چار گولیاں ماریں۔اطلاع ملتے ہی پولیس اور فاmنزک ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔
پولیس نے لاش کو مردہ خانے منتقل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوئوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ڈاکٹر شاہد صدیق کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی ممبران میں ہوتا تھا تاہم نو مئی کے واقعات کے بعد ڈاکٹر شاہد صدیق نے پارٹی اور سیاسی معاملات سے مکمل علیحدگی اختیار کر رکھی تھی ۔دوسر جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ۔ آئی جی پنجاب نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔