اتوار‬‮ ، 24 ‬‮نومبر‬‮ 2024 

ہمارے پاس صرف ایک آپشن ہے

datetime 1  اگست‬‮  2024
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

2008ء میں پیپلز پارٹی کی حکومت تھی‘ ملک میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے مظاہرے شروع ہو گئے‘ راجہ پرویز اشرف پانی اور بجلی کے وزیر تھے‘ شاہد رفیع سیکرٹری واپڈا اور راجہ ذوالقرنین خان آزاد کشمیر کے صدر تھے‘ راجہ ذوالقرنین کے صاحب زادے نے راجہ پرویز اشرف کو بتایا ترک کمپنی کارکے (Karkey) رینٹل پاور پلانٹس کرائے پر دیتی ہے‘ یہ پلانٹس بحری جہاز میں نصب ہوتے ہیں‘ جہاز بندر گاہ پر کھڑا ہوتا ہے‘ بجلی بناتا ہے اوربجلی مین لائین کو سپلائی کر دی جاتی ہے‘ حکومت عوامی دبائومیں تھی لہٰذا اس نے فوری طور پر کارکے سے رابطہ کر لیا‘

یہ کمپنی ترک وزیراعظم طیب اردگان کے قریبی رشتے دار اور دوست کی ملکیت تھی بہرحال قصہ مختصر ایگری منٹ ہو گیا‘ کارکے نے اپنے جہاز بھجوائے اور لوڈ شیڈنگ میں کمی آ گئی‘ پاکستان مسلم لیگ ن اس وقت اپوزیشن میں تھی‘ خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں تقریریں شروع کر دیں‘ راجہ پرویز اشرف کو راجہ رینٹل کا خطاب بھی خواجہ آصف نے دیا تھا‘ افتخار محمد چودھری بحال ہو کر دوبارہ چیف جسٹس بنے اور انہوں نے اندھیرے میں اندھا دھند تلوار چلانا شروع کر دی‘ چیف جسٹس نے رینٹل پلانٹس کے خلاف سوموٹو نوٹس لیا‘ کیس شروع ہوا اور چیف جسٹس نے دائیں بائیں دیکھے بغیر 2012ء میں یہ ایگری منٹس کینسل کر دیے جب کہ سندھ ہائی کورٹ نے کارکے جہاز پر قبضے اور عملے کی گرفتاری کا حکم دے دیا‘ حکومت پاکستان نے کارکے کو سرکاری گارنٹی دے رکھی تھی‘ ججوں نے اس کی پرواہ نہیں کی نتیجتاً کارکے بین الاقوامی ثالثی کمیشن (ICSID) میں چلا گیا‘ یہ کیس 2017ء تک چلتا رہا اور آخر میں اس نے پاکستان پر 800 ملین ڈالر کا جرمانہ کر دیا‘ یہ رقم سود شامل ہونے کے بعد ایک بلین اور دو سو ملین ڈالر ہو گئی‘

شاہد خاقان عباسی وزیراعظم تھے‘ انہوں نے فوری طور پر کمیٹی بنا دی‘ کمیٹی دو سال میٹنگ کرتی رہی‘ اس دوران جرمانہ بڑھتا رہا یہاں تک کہ صورت حاگ گھمبیر ہو گئی‘ آرمی چیف جنرل باجوہ اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے رعایت کے لیے ترک صدر طیب اردگان سے بذات خود بات کی مگر انہوں کندھے اچکا کر انکار کر دیا‘ عمران خان نے بھی طیب اردگان سے درخواست کی تھی لیکن انہیں بھی جواب ہو گیا‘ پاکستان پھنس گیا‘ بہرحال ہماری قسمت اچھی تھی اس دوران آئی ایس آئی کو ایک ٹپ مل گئی‘ اس نے یہ ٹپ نیب کو دی اور نیب نے واپڈا کے سابق سیکرٹری شاہد رفیع کو گرفتار کر لیا‘ یہ اس وقت تک ریٹائرڈ ہو چکے تھے اور اسلام آباد میں رہائش پذیر تھے‘ کارکے سے معاہدہ ان کے دستخطوں سے ہوا تھا‘ نیب کی حراست میں آئی ایس آئی کے آفیسر ان سے ملے اور انہیں بڑے پیار سے سمجھایا سر آپ ایک باعزت شخص ہیں‘ آپ اس عمر میں عدالتوں اور جیلوں میں دھکے کھاتے اچھے نہیں لگتے‘ آپ ہمارے ساتھ کو آپریٹ کریں‘ شاہد رفیع نے تسلیم کر لیا انہیں کارکے نے 30 ہزار ڈالر دیے تھے‘ شاہد رفیع سے آزاد کشمیر کے صدر راجہ ذوالقرنین کے صاحب زادے راجہ بابر علی کا نام ملا‘ یہ صاحب زادے آخر تک کارکے کے لیے کام کرتے رہے تھے‘

نیب نے اس کے اکائونٹس کی پڑتال کی تو پتا چلا راجہ بابر علی کو یو اے ای کی ایک کمپنی سے رقم ملتی رہی تھی‘ نیب کی ٹیم یو اے ای پہنچ گئی وہاں سے پتا چلا اس کمپنی کو پانامہ کی ایک کمپنی رقم بھجواتی تھی‘ ہمارے لوگ پانامہ پہنچ گئے وہاں سے پتا چلا پانامہ کی کمپنی لبنان سے پیسے منگواتی تھی‘ ہماری ٹیم لبنان پہنچ گئی‘ وہاں سے پتا چلا لبنان کی کمپنی ایک سوئس کمپنی سے وابستہ ہے‘ ہمارے لوگ سوئٹزر لینڈ پہنچ گئے تو معلوم ہوا سوئٹزر لینڈ کی کمپنی ایک ترک بزنس مین نے کھولی تھی اور اس کا تعلق کارکے سے تھا۔ ’’کارکے‘‘ رشوت کی رقم ترکی سے سوئٹزرلینڈ بھجواتی تھی‘ سوئٹزر لینڈ سے رقم لبنان‘ لبنان سے پانامہ اور پانامہ سے یو اے ای آتی تھی اور وہاں سے یہ رقم راجہ ذوالقرنین کے صاحب زادے کے اکائونٹ میں آجاتی تھی یوں نیب نے یہ سارا نیٹ ورک پکڑ لیا‘ کارکے پھنس گئی‘

اس کے بعد وہ طیب اردگان جو آرمی چیف اور دو وزراء اعظم کو انکار کر چکے تھے‘ انہوں نے خود عمران خان سے رابطہ کیا اور آئوٹ آف کورٹ سیٹل منٹ کی درخواست کی اور یوں پاکستان بے عزتی اور بھاری جرمانے سے بچ گیا‘ عمران خان نے اس شان دار کارنامے پر کنسلٹنٹ احمد عرفان اسلم‘ آئی ایس آئی کے سیکٹر کمانڈر بریگیڈیئر عرفان شکیل رامے اور آئی ایس آئی کے آفیسر کرنل فاروق شہباز کو بیس بیس لاکھ روپے انعام اور سول ایوارڈز دیے تاہم اس معاملے میں اہم ترین کام کرنے والے آفیسر ضرغم اسحاق خان وزیراعظم کی مہربانی سے محروم رہے‘ یہ واپڈا میں جوائنٹ سیکرٹری تھے اور انہوں نے معاہدے میں موجود کوتاہیوں کی نشان دہی کی تھی‘ وزیراعظم نے آخر میں ان کا نام فہرست سے کیوں نکالا؟ اس کی وجہ آج تک سمجھ نہیں آسکی۔

ملک اُس وقت چند افسروں کی وجہ سے بچ گیا اگر یہ لوگ کام نہ کرتے اور انہیں راجہ ذوالقرنین کے صاحب زادے اور سیکرٹری واپڈا شاہد رفیع کے کارناموں کی بھنک نہ پڑتی تو پاکستان کو ڈیڑھ ارب ڈالر بھی ٹھک جاتے‘ عالمی سطح پر بدنامی بھی ہوتی اور بیرونی سرمایہ کار بھی اپنی دکان اٹھا کر فرار ہو جاتے‘ یہاں پر اب سوال پیدا ہوتا ہے کیا پاکستان میں لگنے والے بجلی کے دوسرے کارخانوں میں کرپشن نہیں ہوئی‘ کیا آئی پی پیز کے معاہدے درست تھے؟ اس کا سیدھا جواب ہے کرپشن لازمی ہوئی ہو گی‘پاکستان جیسے ملکوں میں کھربوں کے معاہدے فائلوں کے پہیوں کے بغیر ممکن نہیں ہوتے‘ ان سودوں میں یقینا سیاست دانوں اور بیوروکریٹس نے اربوں روپے بنائے ہوں گے‘ اگلا سوال یہ ہے کیا ان مہنگے پراجیکٹس کے بغیر گزارہ ممکن تھا؟ اس کا سیدھا جواب ہے نہیں‘ پاکستان میں جنرل پرویز مشرف کے دور میں افغان وار کی وجہ سے اربوں ڈالر آئے‘ یہ پیسہ ٹریکل ڈائون ہو کر عوام تک پہنچ گیا‘ اس زمانے میں موبائل فون کمپنیاں‘ رئیل سٹیٹ سیکٹر اور ایکسپورٹس میں بھی اضافہ ہوا جس سے ملک میں پیسے کی ریل پیل ہو گئی‘ شوکت عزیز نے آ کر امپورٹس کھول دیں‘

اس کے نتیجے میں ٹیلی ویژن‘ اے سی اور گاڑیوں کی بھرمار ہو گئی‘ پورے ملک میں نئے گھر‘ پلازے اور شاپنگ سنٹرز بھی بنے‘ اس کے نتیجے میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہو گیا جب کہ ہمارے پاس بجلی پیدا کرنے کا نظام پرانا اور چھوٹا تھا لہٰذا ملک میں لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی‘ عوام جذباتی اور جلد باز ہیں‘ یہ سڑکوں پر آ گئے‘ حکومت پریشان ہو گئی اور یہ افراتفری میں لانگ ٹرم کی بجائے شارٹ ٹرم سلوشن کی طرف چلی گئی‘ اس نے فرنس آئل‘ ایل این جی اور درآمدی کوئلے کے پلانٹس لگا دیے‘ یہ ایک فوری حل تھا جس سے بجلی پوری ہو گئی لیکن بجلی کی قیمت بڑھ گئی‘ اس دور میں چین نے پاکستان کی مدد کی‘ کیوں کی؟ اس کی دو وجوہات تھیں‘ نائین الیون کے بعد امریکا نے پاکستان کو دوسری بار اکیلا چھوڑ دیا تھا‘ ہمارے پاس چین کے علاوہ کوئی آپشن نہیں تھا‘ چین کے پاس یہ ٹیکنالوجی سستی بھی تھی اور فوری دستیاب بھی تھی‘

تیسرا بینک آف چائنانے کم ریٹ پر قرض کی پیش کش کر دی چناں چہ ہماری کمپنیوں اور حکومت نے دھڑا دھڑ پاور پلانٹس لگائے اور ضرورت سے زیادہ بجلی پیدا کر لی‘ پاکستانی سرمایہ کاروں کو بھی 2008ء سے 2018ء تک پاور سیکٹر میں جوس نظر آیا‘ انہوں نے بھی پاور پلانٹس لگا لیے‘ اب ان پلانٹس کے لیے قرضہ پاکستانی بینکوں اور بینک آف چائنا سے لیا جا رہا تھا اور ان دونوں نے حکومت سے گارنٹی مانگ لی‘ حکومت کے پاس دو آپشن تھے‘ یہ گارنٹی نہ دیتی‘ اس سے پاور پلانٹس نہ لگتے اور اس سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہو جاتا اور عوام حکومت کو سڑکوں پر لٹا کر پھینٹا لگا دیتے‘ دوسرا یہ بینک گارنٹی دے دیتی‘ حکومت نے دوسرا آپشن لیا اور یوں بحران ٹل گیا لیکن نیا بحران پیدا ہو گیا‘

اب ایشو یہ ہے پاکستان میں بجلی کی ضرورت 43 ہزار میگاواٹ ہے‘ پاورپلانٹس کی ٹوٹل کیپسٹی 45 ہزار میگا واٹ ہے لیکن واپڈا ان سے 20 سے 22 ہزار میگاواٹ لے رہا ہے اورہمیں باقی 20 یا 22 ہزار میگاواٹ کی رقم ادا کرنا پڑ رہی ہے‘ ہم عام زبان میں اسے کیپسٹی چارجز کہہ لیتے ہیں‘ اب سوال یہ ہے واپڈا بجلی کم کیوں لیتا ہے؟ اس کی وجہ چوری اور انڈسٹری کی بندش ہے‘ انڈسٹری چل نہیں رہی لہٰذا بجلی کی کھپت کم ہو گئی ہے‘ دوسری طرف 20فیصد بجلی چوری ہو جاتی ہے‘ واپڈا نے ان دونوں ایشوز کا یہ حل نکالا یہ لوڈ شیڈنگ کر دیتا ہے‘ اس کی وجہ سے ایک طرف بجلی کے بل بڑھ رہے ہیں‘ کیوں؟ کیوں کہ فرنس آئل اور کوئلے کے ریٹس بڑھ گئے ہیں‘ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی مالیت بھی کم ہو گئی ہے اور ہمارے پاس ڈالرز بھی ختم ہو گئے ہیں اور آئی ایم ایف نے بجلی پر سبسڈی دینے سے بھی انکار کر دیا‘

دوسری طرف ہم نے بینک آف چائنا کی قسطیں دینی ہیں لہٰذا اب ہمارے پاس دو آپشن ہیں‘ ہم آئی پی پیز سے معاہدے توڑ دیں جس کے بعد یہ عالمی عدالتوں میں چلے جائیں گے اور وہاں پاکستان کو اتنے جرمانے ہو جائیں گے جو ہم خود کو بیچ کر بھی پورے نہیں کر سکیں گے اور اس کے ساتھ ہی ملک میں بجلی بھی مکمل بند ہو جائے گی‘ کیا قوم اس کے لیے تیار ہے؟ دوسرا حل ہم کسی نہ کسی طرح انڈسٹری چلائیں‘ اس سے ساری بجلی استعمال ہو گی اور کیپسٹی چارجز نیچے آ جائیں گے‘ ہم اس کے ساتھ ساتھ بجلی چوری اور لائین لاسز کم کریں اور ایک سالڈ انرجی پالیسی بھی بنائیں جسے کوئی حکومت نہ چھیڑے‘ یہ مسئلہ پھر حل ہو گا‘دھرنے بہرحال اس مسئلے کا حل نہیں ہیں‘ ہم نے اب صرف ایک فیصلہ کرنا ہے ہم بجلی کے بغیر زندگی گزاریں یا پھر مہنگی بجلی خریدیں‘ ہمارے پاس اس کے علاوہ کوئی آپشن نہیں اگرکسی کے پاس ہے تو وہ سامنے آ جائے۔

نوٹ:ہمارا گروپ 20اگست کو چترال(کیلاش) جا رہا ہے‘ آپ اس گروپ کا حصہ بننے کے لیے ان نمبرز پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

موضوعات:



کالم



شیطان کے ایجنٹ


’’شادی کے 32 سال بعد ہم میاں بیوی کا پہلا جھگڑا…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں (حصہ دوم)

آب اب تیسری مثال بھی ملاحظہ کیجیے‘ چین نے 1980ء…

ہم سموگ سے کیسے بچ سکتے ہیں؟

سوئٹزر لینڈ دنیا کے سات صاف ستھرے ملکوں میں شمار…

بس وکٹ نہیں چھوڑنی

ویسٹ انڈیز کے سر گارفیلڈ سوبرز کرکٹ کی چار سو…

23 سال

قائداعظم محمد علی جناح 1930ء میں ہندوستانی مسلمانوں…

پاکستان کب ٹھیک ہو گا؟

’’پاکستان کب ٹھیک ہوگا‘‘ اس کے چہرے پر تشویش…

ٹھیک ہو جائے گا

اسلام آباد کے بلیو ایریا میں درجنوں اونچی عمارتیں…

دوبئی کا دوسرا پیغام

جولائی 2024ء میں بنگلہ دیش میں طالب علموں کی تحریک…

دوبئی کاپاکستان کے نام پیغام

شیخ محمد بن راشد المختوم نے جب دوبئی ڈویلپ کرنا…

آرٹ آف لیونگ

’’ہمارے دادا ہمیں سیب کے باغ میں لے جاتے تھے‘…

عمران خان ہماری جان

’’آپ ہمارے خان کے خلاف کیوں ہیں؟‘‘ وہ مسکرا…