لاہور(نیوزڈیسک) حلقہ این اے 122 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں سمن آباد کے ڈونگی گراو¿نڈ میں پاکستان تحریک انصاف نے طاقت کا مظاہرہ کیا۔ تحریک انصاف کے جلسے سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے بھی خطاب کیا۔شیخ رشید جب جلسے سے خطاب کرنے کیلئے ڈائس پر آئے تو عمران خان نے تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ اپنے خطاب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں لاہوروالوں سے انصاف مانگنے آیا ہوں۔ ایاز صادق نے دو سال تک میرا اسپیکر بند رکھا اور جواب میں اللہ تعالیٰ نے ایاز صادق کی آواز بند کر دی۔ 9 اکتوبر کو ریلوے کے مزدوروں کو بلایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنہون نے عمران خان کے ساتھ دھاندلی کی ان کے ساتھ بہت بڑا دھاندلا ہونے والا ہے۔ اور ایسا تاریخ کرے گی جو انہیں اپنے صفحات سے مٹا دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے پہلے پیسٹری چور تھے اب بیکری چور بھی آ گئے ہیں۔ لاہورکے لوگو تم نہ جاگے تو تبدیلی نہیں آئیگی۔ لاہور والو! چور، ڈاکو لیٹرے خاندانی سیاست کر رہے ہیں۔ جس بندے کو ڈرائیونگ نہ آتی ہو اسے ڈرائیونگ سیٹ پر نہیں بیٹھنا چاہیے۔ دس جہاز ایل این جی کے آ گئے ہیں مگر ھکومت ابھی تک کہہ رہی ہے کہ قیمت طے نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیور بھی نواز شریف سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے۔ اگر لاہور نے اصول پرستی کا ثبوت نہ دیا تو پھر غلامی کی زندگی سے نہیں نکل سکے گا۔ ملکی معیشت تباہ ہو چکی ہے۔آنے والے دنوں میں ملکی سیاست میں زلزلہ آنے والا ہے۔ آخر میں انہوں نے عوام سے کہا کہ ہاتھ اٹھا کر کہو کہ بلے پر مہر لگاو¿ گے۔