کوئٹہ(نیوزڈیسک) آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہیڈکوارٹرز سدرن کمانڈ میں لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے کمان سٹک اور فلیگ لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض کے حوالے کر کے سدرن کمانڈ کی کمان ان کے سپرد کر دی۔ لیفٹننٹ جنرل ناصر خان جنجوعہ نے الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں جب سدرن کمانڈ کا چارج سنبھالا تھا اس وقت پاک فوج اور مختلف عوامی حلقوں کے درمیان بہت خلیج تھی جنہیں بہتر کرنے کی ضرورت تھی اور آج صوبے میں کافی بہتری آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج صوبے میں امن، بھائی چارے اور رواداری کی بہترین فضاء قائم ہے اور میں آج سرخرو ہو کر سدرن کمانڈ کی قیادت لیفٹننٹ جنرل عامر ریاض کو سونپ کر الوداع ہو رہا ہوں۔ ناصر خان جنجوعہ نے سدرن کمانڈ کا عہدہ 30 اگست 2013ء کو سنبھالا تھا۔ الوادعی تقریب میں گورنر، وزیر اعلیٰ بلوچستان، سول و عسکری حکام کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی۔