کراچی(نیوزڈیسک) سابق صدر پرویز مشرف نے امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بے نظیر بھٹو سے ٹیلی فونک رابطہ نہیں ہوا تھا۔انہوں نے کہاکہ وہ 2009سے پہلے موبائل فون بھی استعمال نہیں کرتے تھے توجلسہ گاہ میں بے نظیربھٹوسے رابطہ کیسے ہوگیا تھا۔ مارک سیگل کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے۔ بے نظیر کو مجھ سے خطرہ ہوتا تو مجھ سے سیکیورٹی کیوں مانگتیں۔ مخالفین امریکی صحافی کے بیان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا مارک سیگل سچے ہیں تو اپنی زیر ادارت چھپنے والی بینظیر کی کتاب میں ذکر کیوں نہیں کیا۔واضح رہے گزشتہ روز بینظیر قتل کیس کے اہم گواہ امریکی صحافی مارک سیگل نے خصوصی عدالت میں ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرایا جس میں مارک سیگل نے انکشاف کیا کہ سابق صدر پرویز مشرف نے فون کر کے بینظیر بھٹو سے کہا کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔سابق وزیراعظم کی سلامتی کا انحصار بہتر تعلقات سے مشروط ہے۔ تھریٹ کال کے وقت وہ بینظیر بھٹو کے ساتھ تھے۔