اسلام آباد (این این آئی)اسلام آباد پولیس نے بیرون ملک مقیم اینکرپرسن صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کے خلاف 9 مئی کو پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں فوجی تنصیبات پر حملے کے لیے ’بغاوت کو ہوا دینے‘ اور لوگوں کو اکسانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔
شہری ماجد محمود کی درخواست پر تھانہ آبپارہ میں درج کرائی گئی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں شکایت کنندہ نے مؤقف اپنایا کہ 9 مئی کو تھانہ آبپارہ کی حدود میں ملیوڈی چوک پر تھا کہ مشتعل ہجوم نے توڑ پھوڑ اور دہشت گردی پھیلائی۔ دستیاب ایف آئی آر کی نقل کے مطابق شکایت گزار نے کہا کہ براہ راست توڑ پھوڑ میں ملوث 15 سے 20 نامعلوم مشتعل افراد محمد صابر شاکر، معید حسن پیرزادہ اور سید اکبر حسین سے ویڈیو پیغامات کے ذریعے ہدایات لے رہے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ میں ساری کارروائی کا ذمہ دار ان تین لوگوں کو سمجھتا ہوں کہ جنہوں نے اپنے ویڈیو پیغامات، ٹوئٹر اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے سادہ لوح لوگوں کو یہ سب کرنے پر اکسایا۔ایف آئی آر میں کہا گیا کہ یہ لوگ سادہ لوح عوام کو عسکری تنصیبات پر حملہ کرکے ملک میں دہشت گردی پھیلا کر ملک میں بغاوت اور انتشار پھیلانا چاہ رہے تھے،
یہ لوگ براہ راست 9 مئی کے واقعات میں اپنے ویڈیو پیغامات اور دیگر ذرائع سے دہشت گردی کے لیے اکساتے رہے اور اس کی تشہیر بھی کرتے رہے اس حوالے سے کہا گیا کہ یہ لوگ منظم سازش کے ذریعے باہم صلاح و مشورے سے غیر ملکی اور دشمن ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں اور پاک فوج کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ فوجی جوانوں کے اندر بغاوت اور ان کے حلف سے روگردانی کروانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس طرح پاک فوج کو کمزور کر کے ملک کے اندر دہشت گردی کو پروان چڑھانا چاہتے ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق شکایت کنندہ نے کہا کہ ملزمان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔