لاہور (نیوزڈیسک)لاہورکی احتساب عدالت نے فراڈ کیس میں پیپلزپارٹی کے رہنما قاسم ضیا کے جوڈیشل ریمانڈمیں 5 اکتوبرتک توسیع کردی۔گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج عبدالستار نے کیس کی سماعت کی۔پیپلزپارٹی کے رہنما قاسم ضیا کو 7روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد نیب حکام نے دوبارہ لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کیا۔ قاسم ضیا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ قاسم ضیا نے رضاکارانہ طور پر فراڈ کی رقم نیب کو واپس ادا کرنے کے لیے درخواست دائر کررکھی ہے۔ایک ہفتے بعد بھی نیب حکام نے کوئی فیصلہ نہیں کیا اور معاملہ کو جان بوجھ کر التوا ءمیں رکھا جا رہا ہے جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ نیب کے تفتیشی افسر نے بتایاکہ معاملہ پر کارروائی کا سلسلہ جاری ہے لہٰذا ہائیکورٹ کے فیصلے تک عدالت جوڈیشل ریمانڈ میں مذید توسیع کے احکامات جاری کرے گی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سرکاری وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے قاسم ضیاءکے جوڈیشل ریمانڈ میں پانچ اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔