کراچی(این این آئی)طوفان بائپرجوائے بپھر گیا، اس کے اثرات کراچی میں سامنے آنے لگے، شہر میں گرد آلود تیز ہوائیں چلنا شروع ہو گئیں۔شہرِ قائد میں مشرق اور شمال مشرق سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کوکراچی میں چلنے والی ہوائوں کی رفتار 36 سے 45 کلو میٹر فی گھنٹہ رریکارڈ کی گئی ہے ۔
جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ہے۔موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے بتایاکہ کئی سال سے بحیرہ عرب کے طوفانوں کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ طوفان بپرجوائے نے ابتدائی مرحلے میں ہی شدت پکڑ لی تھی۔موسمیاتی تجزیہ کار نے بتایاکہ موجودہ سمندری طوفان کے دوران سطحِ سمندر کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہا ہے، سطحِ سمندر کا درجہ حرارت 30 سے 32 درجے معمول سے زیادہ ہے۔جواد میمن کے مطابق 5 سے 6 سال سے بحیرہ عرب شدید متحرک ہوتا جا رہا ہے، اسی سال 5 ٹروپیکل سسٹم بھی بحیرہ عرب میں بنے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ آنے والے وقتوں میں طوفانوں کی شدت اور تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔دوسری جانب ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق منگل کوکراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق گرد آلود ہواوں کے باعث شہر کا فضائی معیار مضرِ صحت ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کی آلودگی کے اعتبار سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کراچی کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 160 پرٹیکیولیٹ میٹرز رہی۔