لاہور ( این این آئی) پنجاب حکومت نے جناح ہائوس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی بریت چیلنج کردی۔ پی ٹی آئی رہنما اور سابق صوبائی وزیر صحت کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں حکومت پنجاب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کیا، سابق صوبائی وزیر نے جناح ہائوس پر حملہ کرنے والی ریلی کی قیادت کی۔پنجاب حکومت کی جانب سے درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام ثبوت موجود ہونے کے باوجود ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کیا گیا، درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔



















































