اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ افواج پاکستان اور ان کی تمام خدمات اور ایک مضبوط فوج، ایسی فوج جس کے ساتھ عوام کھڑے ہوں، ایک قابل احترام فوج آئینی جمہوریت کا کلی حصہ ہے
جرائم کے مرتکب افراد کو قانون کی پوری طاقت سے سزائیں دی جائیں۔ جمعہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے 12 مئی کو جو بیان جاری کیا اس کا خیرمقدم کرنا ضروری ہے، جس میں کہا گیا کہ افواج پاکستان اور اس کی اعلیٰ کمان جمہوریت کے ساتھ کھڑی ہے اور جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔پی ٹی آئی کے سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ جو بھی ان جرائم کے مرتکب ہیں، لوٹ مار، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں مرتکب ہیں، قانون کی پوری قوت کے ساتھ ان کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ بات ملحوظ خاطر رکھنی چاہیے وہ تمام انسانی حقوق جن کا وعدہ ہمارا آئین کرتا ہے، اس کی پاسداری بھی اس عمل میں لازم ہے، خاص طور پر غیرجانب دار ٹرائل اور شفاف تحقیقات کی بنیاد پر ملزمان کو قانون کے مطابق سزائیں دی جائیں۔