پشاور(این این آئی) نو اور دس مئی کے حوالے سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی جیو فینسنگ رپورٹ سامنے آ گئی۔ رپورٹ کے مطابق پْرتشدد مظاہروں میں سابق ایم پی ایز اور پارٹی قائدین توڑ پھوڑ کرنے والے مظاہرین کے ساتھ رابطے میں تھے۔پْرتشدد مظاہرین کا سراغ لگانے کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دی گئی تھی۔ جے آئی ٹی میں پولیس و تحقیقاتی اداروں نے جیو فنسنگ سمیت مختلف رپورٹس مرتب کرلی ہیں۔
پی ٹی آئی کے مقامی قائدین و سابق ایم پی ایز مختلف موبائل ٹاورز کے ذریعے پرتشدد کارکنان کے ساتھ رابطے میں تھے۔ رپورٹ میں سابق ایم پی اے فضل الہی، سابق ایم پی اے ملک واجد، سابق ضلعی ناظم عاصم خان، پی ٹی آئی کے مقامی قائدین مینا خان آفریدی، عبدالواجد، ہدایت خلیل، فرید گل اور دیگر شامل ہیں۔پولیس حکام کے مطابق مظاہرین پر مقدمات درج ہیں اطلاع ملنے پر نامزد ملزمان کو گرفتار کریں گے، پشاورمیں دہشت گردی کے تحت 5 مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں 275 افراد گرفتار ہوچکے ہیں۔