اسلام آباد (این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کو وزارت سے ہٹائے جانے کا گلہ تو ہو سکتا ہے مگر پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا جواز نہیں ہو سکتا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے کہا کہ محترم برادرم مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں ان کے پاکستان کے معاشی حالات پہ تبصرے سننے کو ملتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل ن لیگ کا حصہ ہیں، جماعت ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے، ان کی قابلیت مسلمہ ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت ان کے میڈیا پہ نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔وزیر دفاع نے کہاکہ مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی حکومت کیلئے مفید بھی ہو سکتی ہے اگر وہ بھی جماعت کو اعتماد میں لیں اور اچھے وقت اور رفاقت کو یاد رکھیں، جماعت نے ان کو دو دفعہ وزارت خزانہ سے نوازا۔خواجہ آصف نے کہا کہ سیاست میں موسم بدلتے رہتے ہیں اور باوقار سیاسی ورکر سردی و گرمی دونوں کو برداشت کرتے ہیں اور سرخرو ہوتے ہیں، وفاداری جب مشروط ہو تو وہ کاروبارہوتی ہے۔اپنے پیغام کے آخر میں وزیر دفاع نے کہا کہ معذرت خواہ ہوں سوشل میڈیا کا سہارا مجبوراً لیا کیونکہ نکتہ چینی کا سلسلہ سارا میڈیا کی زینت ہے، جزاک اللہ۔