لاہور( این این آئی)سینئر سیاستدان جہانگیر خان ترین سے سابق سینئر صوبائی وزیر عبد العلیم خان اور دیگر رفقاء نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی کردار کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے مشیر عون چوہدری ،
اسحاق خاکونی ،سعید اکبر نوانی ،خالد محمود سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں پی ٹی آئی کے سابق اراکین اسمبلی کی جہانگیر ترین سے ہونے والی ملاقاتوں اور رابطوں کے تناظر میں آئندہ کے سیاسی کردار کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں رہنمائوں کی اکثریت نے تجویز دی کہ پریشر گروپ بنانے یا کسی دوسری جماعت میں شامل ہونے کی بجائے الگ حیثیت میں جماعت بنائی جائے ۔تحریک انصاف کو چھوڑنے والے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں جبکہ مزید بھی چھوڑ رہے ہیں، ان لوگوں کو نیا پلیٹ فارم ملنا چاہیے ۔ تجویز میں کہا گیا کہ الگ حیثیت میں جماعت بنا کر عوام کے حقوق کا بہتر طریقے سے دفاع کیا جا سکتا ہے ۔ ہمیں الگ سے اپنا منشور دینا چاہیے ۔ ذرائع کے مطابق تجاویز ملنے کے بعد جہانگیر ترین نے مزید مشاورت کے لئے وقت مانگا ہے اور امکان ظاہر کیا جارہاہے کہ نئی سیاسی جماعت رجسٹرڈ کراکر اس کے پلیٹ فارم سے سیاست کی جائے گی ۔