کراچی(این این آئی)ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے مسافر کو آف لوڈ کردیا۔اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے نے بتایاکہ ملزم کو جعلی سفری دستاویزات پر دبئی جانے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑ کر آف لوڈ کیا گیا، دوران چیکنگ مسافر کے سفری دستاویزات مشتبہ پائے گئے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم نازو اللہ کے پاکستانی پاسپورٹ پر ورک ویزا لگا ہوا تھا، مسافر بین الاقوامی پرواز نمبر ایف زیڈ 334 سے دبئی جا رہا تھا۔تحقیقات کے دوران ملزم کے پاسپورٹ پر پروٹیکٹر کی اسٹیمپ جعلی نکلی، ریکارڈ کی تصدیق کے بعد انکشاف ہوا کہ ملزم کے پاسپورٹ پر لگایا جانے والا پروٹیکٹر رجسٹریشن نمبر ناظم الدین نامی شہری کو جاری ہوا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے 11 ہزار روپے کے عوض ایجنٹ سے پروٹیکٹر لگوائی تھی۔بعد ازاں مزید کارروائی کیلئے ملزم کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔