بیجنگ (نیوز ڈیسک) چینی تجارت کی گزشتہ پانچ سال یا اس سے زائد عرصے کی کہانی ایک جیسی ہی تھی کہ جو ممالک چین کو مختلف اشیائ برآمد کر رہے تھے، وہ بھاری مالی فائدہ اٹھا رہے تھے کیونکہ چین کو بہت زیادہ خام مال کی ضرورت تھی مگر گزشتہ ایک یا ڈیڑھ سال سے اس رجحان میں تبدیلی واقع ہوئی ہے کیونکہ اشیاءکی قیمتیں گر گئی ہیں اور چین کی معیشت سست روی کا شکار ہوگئی ہے اور دنیا کے بہت سے ممالک اس سے متاثر ہورہے ہیں۔ ایک وقت میں چین کی شرح نمو 10 فیصد تھی جو اب کم ہوکر 7 فیصد تک آچکی ہے اور اس وجہ سے بہت سے دیگر ممالک کی معیشت بھی متاثر ہوئی اور ان کا چین کے ساتھ تجارت کا حجم بڑی حد تک کم ہوگیا ہے۔ جنوری سے مئی 2015 کے دوران کینیڈا، آسٹریلیا، امریکہ، جارجیا، میکسیکو کی چین کے ساتھ تجارت کم ہوئی ہے مگر گرین لینڈ، روس اور دیگر ملکوں کی تجارت میں اضافہ بھی ہوا ہے۔