اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام (فضل) کے صد سالہ یوم تاسیس کی تقریبات 7 تا9 اپریل تک ضلع نوشیرا میں ہونگی۔ تنظیم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے امریکی سفیر متعین پاکستان ڈیوڈ ہیل سمیت مختلف ممالک کے مذہبی و سیاسی رہنماؤں کو اجتماع میں شرکت کے لیے مدعو کیاہے۔ اس تین روزہ تقریب میں امام کعبہ بھی7اپریل کو شرکت کرینگے اور اجتماع میں نماز جمعہ کی امامت کریں گے تاہم اگر علالت کی وجہ سے وہ شریک نہ ہو سکے تو شیخ صالح الطالب ان کی نمائندگی
کریں گے۔امریکی سفیر کو ارسال کردہ دعوت نامے میں مولانا فضل نے لکھا ہے کہ پاکستان کے جمہوری نظام اور خطہ کی مجموعی سیاسی صورت حال میں امریکہ کی دلچسپی مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ سفیر محترم کو ان تقریبات مین شرکت کے لیے مدعو کیاجائے تاکہ اس خطہ میں گذشتہ سو سال کے دوران شہری حقوق کے لیے جے یو آئی ۔ایف کی جدوجہد سے انہیں باخبر کیا جائے۔مولانا فضل الرحمن نے امریکی سفیر کا پاکستان میں خصوصی دلچسپی لینے پر شکریہ بھی ادا کیا۔